حیدرآباد 29 مارچ (یو این آئی) مختلف ممالک کا سفر کرنے والے افراد کیلئے ایلو فیور ویکسین لگوانا لازمی ہوتا ہے ، اور اسی مقصد کے تحت تلنگانہ کے بی بی نگر ایمس اسپتال نے ٹیکہ دینے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے حال میں اس کی منظوری دی ہے ، اور حکام کے مطابق ایک ماہ کے اندر یہاں ایک خصوصی مرکز قائم کیا جائے گا۔ایلو فیور ایک مخصوص مچھر کے ذریعہ پھیلتا ہے ، اور دنیا کے 42 ممالک میں داخلے کیلئے ایلو فیور ٹیکہ سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اگر کوئی مسافر بغیر ٹیکہ کے وہاں پہنچے تو اسے قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے ، جس پر فی شخص تقریباً 1 لاکھ روپے تک خرچ آ سکتا ہے ۔فی الحال، ہندوستان میں 71 مراکز پر ایلو فیور ویکسین دستیاب ہے ، جن میں حیدرآباد کا انسٹی ٹیوٹ آف پریوینشن میڈیسن (نارائن گوڑہ) بھی شامل ہے ، جہاں ہفتے میں دو دن یہ ویکسین دی جاتی ہے ۔بی بی نگر ایمس میں یہ ویکسین صرف 300 روپے میں فراہم کی جائے گی، اور حکام کے مطابق ہر ماہ کے پہلے ہفتے کے پیر کے روز یہ ویکسین دی جائیگی۔ اس کیلئے تمام ضروری اجازت نامے حاصل کر لئے گئے ہیں۔