ایم ایل سی انتخابات کیلئے جمبو سائز بیالٹ باکس کی تیاری

   

ہر باکس میں 1500 ووٹس کی گنجائش، ووٹ دینے کیلئے 10 منٹ کا وقت لگے گا

حیدرآباد: ایم ایل سی گریجویٹ نشست کی رائے دہی کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے جمبو سائز کے بیالٹ باکسس تیار کئے ہیں اور ہر باکس میں 1500 ووٹوں کی گنجائش رہے گی ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر جی ایچ ایم سی نے جو بیالٹ باکسس تیار کئے ، وہ 2 فٹ لانبے اور 2 فٹ چوڑے اور 2 فٹ بلند سائز کے ہیں۔ حیدرآباد گریجویٹ نشست کیلئے 93 امیدوار مقابلہ میں ہیں اور بیالٹ پیپر جمبو سائز کا رہے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23X33 انچس کا بیالٹ پیپر تیار کیا گیا ہے۔ حکام نے جمبو بیالٹ باکسس کے علاوہ ہنگامی صورتحال کی صورت میں موجودہ باکسس کو بھی تیار رکھا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہر رائے دہندے کو ووٹ کا مرحلہ مکمل کرنے کیلئے 8 تا 10 منٹ لگیں گے ۔ کونسل انتخابات میں ترجیحی بنیاد پر ووٹ دیا جاتا ہے ۔ حیدرآباد ایم ایل سی نشست کیلئے 799 پولنگ اسٹیشنوں کے تحت 532268 رائے دہندے ہیں جو تین اضلاع پر محیط ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں 1200 ووٹرس کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ حکام نے 1500 ووٹرس کیلئے بعض مقامات پر انتظامات کئے ہیں۔ جمبو باکس میں 800 تا 1500 بیالٹ پیپرس کی گنجائش رہے گی جبکہ عام طورپر استعمال کئے جانے والے باکسس میں 400 بیالٹ پیپرس کی گنجائش رہتی ہے ۔ رائے دہندوں کو بیالٹ پیپر کے ساتھ اسکیج پین دیا جائے گا اور انہیں امیدواروں کے نام کے آگے موجود کالم میں ترجیحی بنیادوں پر نمبر درج کرنا ہوگا۔ ترجیحی اعتبار سے امیدواروں کو 1,2,3,4,5 درج کرتے ہوئے ووٹ کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ دیگر نشانات درج کرنے کی صورت میں ووٹ مسترد کیا جائے گا ۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹ کے استعمال کے سلسلہ میں رائے دہندوں میں شعور بیداری کی مہم چلائی جارہی ہے ۔ حیدرآباد حلقہ میں دو لاکھ سے زائد رائے دہندے ایسے ہیں جنہوں نے پہلی مرتبہ اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے ہیں۔ ایسے رائے دہندوں کو ووٹ کے استعمال کے بارے میں پہلے سے جانکاری حاصل کرنی چاہئے تاکہ ووٹ مسترد ہونے سے بچ جائیں۔