حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک ایم ایل سی نشست کے چناؤ کیلئے آج 7 نامزدگیاں داخل کی گئیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کے مطابق میدک، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر گریجویٹ نشست کیلئے ایس سریکانت، پی راجو اور جی سریکانت نے بطور آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ میدک ، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے ایس سریکانت نے بطور آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ورنگل، کھمم، نلگنڈہ ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے بی راجو اور بھوپال ریڈی نے بطور آزاد امیدوار جبکہ بنکا راجو نے کانگریس امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 10 فروری ہے۔1
رکن اسمبلی رام موہن ریڈی کے خلاف مقدمہ ہائی کورٹ نے کالعدم کردیا
حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے رکن اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی اور کانگریس قائد اے سدھاکر ریڈی کے خلاف درج مقدمات کو کالعدم کردیا ہے۔ 2019 لوک سبھا انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام کے تحت وقارآباد سے تعلق رکھنے والے دونوں قائدین پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق 12 مارچ 2019 کو وقارآباد آر ڈی او آفس کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تھا۔ اس مقدمہ میں موجودہ اسپیکر جی پرساد کمار، رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کونڈا وشویشور ریڈی اور رکن اسمبلی روہت ریڈی بھی بطور ملزم شامل ہیں۔ پرساد کمار نے علحدہ درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے راحت حاصل کی ہے۔ جسٹس لکشمن نے رام موہن ریڈی اور سدھاکر ریڈی کے خلاف مقدمات کو کالعدم کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی افسر نے سیکشن 155 کے تحت طریقہ کار اختیار نہیں کیا اور چارج شیٹ میں درخواست گذاروں کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔1