چینائی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی اور صدر ڈی ایم کے ایم کے اسٹالن نے اتوار کو وکیل ترمیمی بل 2025کو قانونی برادری کی خود مختاری پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اسٹالن نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر 2014سے منظم طریقہ سے عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے کا الزام لگایا اور اس سے قانونی پیشے کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے اسے واپس لینے کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زبردست احتجاج کے باعث مسودہ بل کو واپس لینے کے بعد یہ کہنا کہ اس پر دوبارہ غور کیا جائے گا اور نئے سرے سے کارروائی کی جائیگی قابل مذمت ہے ۔ مرکز نے پہلے قومی عدالتی تقرری کمیشن کے ذریعہ عدالتی تقرریوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور پھر عدالتی تقرریوں اور تبادلوں کیلئے کالجیم کی سفارشات کو نظر انداز کیا۔