وکلاء کے مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کردیا
حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ورنگل بار اسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ ملا ریڈی کے قتل کے معاملہ کو مفاد عامہ کی درخواست کے طور پر سماعت کیلئے قبول کیا ہے۔ ہائیکورٹ ایڈوکیٹس اسوسی ایشنس کی جانب سے چیف جسٹس کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا گیا تھا اور چیف جسٹس اجل بھویاں نے سینئر ایڈوکیٹ کے قتل کے معاملہ کا سنگین نوٹ لیتے ہوئے مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کردیا۔ ملا ریڈی کو پیر کے دن ملگ میں اس وقت قتل کردیا گیا جب وہ ہنمکنڈہ سے گھر واپس ہورہے تھے۔ عدالت نے از خود قبول کردہ مفاد عامہ کی درخواست میں چیف سکریٹری ، ہوم سکریٹری ، لا سکریٹری ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ،ایس پی ملگ اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسرس کو فریق بنایا ہے۔ ہائیکورٹ بار اسوسی ایشن کے صدر وی رگھوناتھ اور دوسروں نے چیف جسٹس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مرکز کو ایڈوکیٹس پروٹیکشن ایکٹ وضع کرنے کی ہدایت کی درخواست کی۔ ملک میں وکلاء میں بڑھتے ہوئے حملوں کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی درخواست کی گئی۔ وکلاء نے ساتھی وکیل ملا ریڈی کے قتل کی تحقیقات پر ہائیکورٹ کی جانب سے نگرانی کی درخواست کی ہے۔ ر