حکومت گرانے کی سازش ناکام کرنے پر نشانہ، گرفتاری کے باوجود جھکوں گانہیں : روہت ریڈی
حیدرآباد۔/25ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ارکان اسمبلی کی خریدی کے ذریعہ کے سی آر حکومت کو گرانے کی سازش کو ناکام کرنے پر انہیں اور افراد خاندان کو پریشان کیا جارہا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہں نے کہا کہ بی جے پی نے ارکان اسمبلی کی خریدی کے ذریعہ حکومت کو گرانے کی سازش کی تھی جو ناکام ہوگئی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کے ذریعہ بی آر ایس وزراء اور ارکان اسمبلی پر دھاوے کئے جارہے ہیں۔ روہت ریڈی نے کہا کہ ای ڈی نے مقدمہ کی تفصیلات بتائے بغیر جانچ کیلئے طلب کیا ہے۔ پہلے دن 6 گھنٹے تک کیس کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی۔ دوسرے دن کیس کی تفصیلات کے بارے میں پوچھنے پر ارکان اسمبلی کی خریدی کے کیس کا حوالہ دیا ۔ کیس سے تعلق نہ ہونے کے باوجود ابھیشک کو تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود ارکان اسمبلی خریدی سازش کی شکایت درج کرائی اور ای ڈی کا میرے خلاف ہی تحقیقات کرنا مضحکہ خیز ہے۔ ای ڈی عہدیدار نند کمار کی پوچھ تاچھ کی اجازت حاصل کرنے عدالت میں اپیل دائر کررہے ہیں۔ نند کمار کے بیان سے مجھے پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نند کمار کے ذریعہ مجھے اس مقدمہ میں پھنسانے تیاری کی جارہی ہے تاکہ مجھے اہم ملزم کے طور پر پیش کیا جائے۔ روہت ریڈی نے کہا کہ بھلے ہی کئی انداز سے انہیں ہراساں کیا جائے لیکن وہ نہیں جھکیں گے۔ ملک میں اپوزیشن حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف بی جے پی کی رفتار کو تلنگانہ میں بریک لگی ہے۔ اگر مجھے گرفتار بھی کیا جائے تو میں بی جے پی کے آگے نہیں جھکوں گا مجھے عدالت پر بھروسہ ہے۔ کل ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کی جائے گی جس کے ذریعہ بی جے پی کی سازش کو بے نقاب کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف بی آر ایس کا مسئلہ نہیں بلکہ تلنگانہ عوام کا مسئلہ ہے۔ کیس سے کوئی تعلق نہ ہونے کے باوجود مجھ سے پوچھ تاچھ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے خود شکایت کی اسے تحقیقات کیلئے کیونکر طلب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 ڈسمبر کو وہ ای ڈی کی پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہوں گے۔ر