بیشتر اضلاع میں بونس کی اجرائی ، دھان کی خریدی کا بھی آغاز
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں کسانوں کو باریک چاول کی پیداوار پر 500 روپئے اضافی بونس کی اجرائی کا آغاز کردیا ہے اور آج ریاست کے بیشتر اضلاع میں موجود کسانوں کو باریک چاول کی پیداوار پر دیئے جانے والے بونس کے متعلق ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس اقتدار حاصل کرنے کے بعد ریاست کے ان کسانوں کو جو باریک چاول کی پیداوار کرتے ہیں انہیں 500 روپئے اضافی بونس کی اجرائی کا فیصلہ کیا تھا اور اس فیصلہ کے مطابق ریاست میں آج سے بونس کی اجرائی کا عمل شروع کردیاگیا ہے۔حکومت کے اعلان کے بعد ریاست میں باریک چاول کی پیداوار میں اضافہ ہوچکا ہے اور 66.77 لاکھ ایکڑ پر کسانوں نے چاول کی پیداوار کے ذریعہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔حکومت کی جانب سے باریک چاول کی پیداوار کی صورت میں 500 روپئے اضافی بونس کی اجرائی کے اعلان کے بعد چاول کی کاشت میں 61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گذشتہ موسم باراں کے دوران ریاست میں جملہ 25.05لاکھ ایکڑ اراضی پر چاول کی کاشت کی گئی تھی اور جاریہ سال اس میں 40.44لاکھ ایکڑ کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔جو کہ مجموعی اعتبار سے چاول کی کاشت میں 38 فیصد اضافہ کے مترادف ہے۔حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے اندازہ کے مطابق جاریہ سال ریاست میں 93.33لاکھ ٹن چاول کی پیداوار ہوئی ہے اور اس اعتبار سے ریاست بھر کی بیشتر تمام رائس مل میں باریک اور نفیس چاول ہوں گے۔حکومت نے دھان کی خریدی کے لئے تلنگانہ کے مختلف مقامات پر 7500 مراکز قائم کئے ہیں جہاں کسانوں سے دھان کی خریدی انجام دی جارہی ہے۔3