آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل ۔ کل وجئے واڑہ میں بورڈ کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔27۔مارچ(سیاست نیوز) کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ملک بھر میں جمعۃ الوداع کے اجتماعات میں شرکت کرنے والے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ان اجتماعات میں بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں اور مرکزی حکومت کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج درج کروائیں۔ صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ‘ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی جنرل سیکریٹری بورڈ کے علاوہ ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس کنوینرمجلس عمل و ترجمان بورڈ کی دستخط سے جاری بیان میں کہاگیا کہ نئی دہلی میں جنتر منتر اور پٹنہ بہار میں دھرنا استھل پر کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی دھرنے کے نتیجہ میں این ڈی اے کی حلیف جماعتوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور بورڈ کو اس بات کا یقین ہے کہ جمعۃ الوداع کے موقع اجتماعات کے دوران اگر مصلیان کرام اپنے بازو پر سیاہ پٹیوں کے ساتھ پہنچتے ہیں تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔بورڈ کے ذمہ داروں کے مطابق 29 مارچ کو آندھراپردیش وجئے واڑہ میں مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔جمعۃ الوداع کے موقع پر نماز جمعہ میں شرکت کرنے والوں کو اپنے بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر مرکزی حکومت کے وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے کیونکہ اگر اس قانون کو منظور کیا جاتا ہے تو مسلمانوں کی اوقافی جائیداد مساجد‘ درگاہوں‘ خیراتی اداروں اور کروڑہا روپئے مالیتی اراضیات سے مسلمان محروم ہوجائیں گے اسی لئے مسلمانوں کو احتجاج میں شامل ہوکر موقوفہ جائیدادوں کے تحفظ بالخصوص مساجد ‘ درگاہوں ‘ خانقاہوں‘ خیراتی اداروں کے علاوہ جائیدادوں کو بچانے آگے آنا چاہئے ۔3