مچھلی کی قیمت بڑھ گئی، چکن کو زیادہ پکانے سے نقصان کا اندیشہ کم ، ضلع کلکٹرس کو چوکس رہنے حکومت کی ہدایت
حیدرآباد۔/12فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے برڈ فلو کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے تمام ضلع کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ پرنسپل سکریٹری انیمل ہسبینڈری کی جانب سے اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کے خطرہ سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بعض ریاستوں میں برڈ فلو کے رونما ہونے کے بعد مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو احتیاطی طور پر بائیو سیکوریٹی اقدامات کا مشورہ دیا ہے تاکہ اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ پولٹری فارمرس میں شعور بیداری مہم چلائیں اور عوام کو بھی برڈ فلو کے نقصانات اور مضر اثرات سے واقف کرایا جائے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ پولٹری فارمرس کو ہدایت دی جائے کہ وہ فوت ہونے والی مرغیوں کو بہتر انداز میں دفن کرنے کے قدم اٹھائیں تاکہ مرض کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ حکومت نے برڈ فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف محکمہ جات میں بہتر تال میل کا مشورہ دیا ہے تاکہ دیگر ریاستوں سے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ اسی دوران اسسٹنٹ ڈائرکٹر انیمل ہسبینڈری ڈاکٹر مدھو سدن نے کہا کہ برڈ فلو کے اندیشہ کی صورت میں بھوپال میں واقع انیمل ڈیسیز لیاب کو سیمپلس روانہ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے ثابت ہونے کی صورت میں پولٹری فارمس یا کسی مقام کے اطراف ایک کلو میٹر علاقہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمس اور گھریلو اغراض کیلئے فروخت ہونے والے چکن کے سلسلہ میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ اسی دوران ڈاکٹر آشیش چوہان جو انٹرنل میڈیسن کے ماہر ہیں دعویٰ کیا کہ بہتر انداز میں پکائے جانے والے چکن میں کوئی خطرہ نہیں رہتا اور صحت کے متاثر ہونے کے امکانات بھی کم پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ چکن کی خریدی میں زندہ چکن کو ترجیح دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مرغی صحتمند ہو۔ برڈ فلو کا پہلی مرتبہ 2006 میں پتہ چلا تھا جس کے بعد سے وقفہ وقفہ سے یہ مرض مرغیوں کو متاثر کررہا ہے۔ نیشنل ایگ کوآرڈینیشن کمیٹی کے عہدیداروں کے مطابق برڈ فلو کے منظرعام پر آنے کے بعد سے 13 جنوری سے چکن کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برڈ فلو کے نتیجہ میں کاروبار پر 10 فیصد کا اثر ہوا ہے۔ تلنگانہ میں روزانہ تقریباً 6 تا 7 لاکھ چکن اور 2 کروڑ انڈے استعمال کئے جاتے ہیں۔ آندھرا پردیش میں برڈ فلو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے دونوں تلگو ریاستوں میں شادی بیاہ اور دیگر تقاریب کے موقع پر چکن کے استعمال میں قابل لحاظ کمی دیکھی جارہی ہے۔ کیٹررس کے مطابق عوام دعوتوں کے مینو میں چکن کو شامل کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ برڈ فلو کے نتیجہ میں چکن کا کاروبار کم ہوا ہے لیکن مٹن کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جبکہ مچھلی کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا۔ مشیرآباد کے رام نگر علاقہ میں واقع فش مارکٹ کے تاجروں کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ رہوفش کی قیمت جو عام طور پر 100 روپئے فی کیلو گرام ہوتی ہے وہ بڑھ کر 130 روپئے ہوچکی ہے جبکہ مرل 400 روپئے فی کیلو گرام کے بجائے 500 روپئے میں فروخت ہورہی ہے۔ نان ویجیٹیرین ڈشیس میں فش اور مٹن کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔1