برہم شخص نے ہاردک پٹیل کو طمانچہ رسید کردیا

بدبختانہ واقعہ کیلئے پاٹیدار لیڈر کا بی جے پی پر الزام
احمدآباد 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر ہاردک پٹیل کے چہرہ پر جمعہ کو ضلع سندر گوڑہ میں منعقدہ کانگریس کی ایک انتخابی ریلی میں کسی نامعلوم شخص نے ایک زوردار طمانچہ رسید کردیا اور اس واقعہ پر برہم پٹیل نے بی جے پی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہاکہ یہ اُنھیں ہلاک کرنے کی کوشش تھی۔ لیکن گجرات میں حکمراں جماعت کے قائدین نے کہاکہ اس واقعہ سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے اور کانگریس نے محض ہمدردی کے حصول کے لئے خود اپنے طور پر یہ ڈرامہ بازی کی ہے۔ بعدازاں ہاردک کے چہرہ پر طمانچہ رسید کرنے والے شخص کی شناخت ضلع مہسانہ کے کاڈی ٹاؤن کے ساکن ترون گجر کی حیثیت سے کی گئی جو اس واقعہ کے بعد پٹیل کے حامی کانگریسی کارکنوں کی زدوکوب میں زخمی ہوا ہے اور مقامی دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ ترون گجر نے کہاکہ اُس کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اُس نے شخصی وجہ کی بناء پر پاٹیدار کوٹہ لیڈر کے منہ پر طمانچہ رسید کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT