چیف منسٹر کے سی آر ، ریاستی وزراء اور ارکان نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل ڈپٹی چیرمین کے عہدہ پر بی آر ایس کے بنڈا پرکاش مدیراج کا متفقہ انتخاب عمل میں آیا۔ ڈپٹی چیرمین عہدہ کیلئے صرف ایک پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا جس کے بعد بنڈا پرکاش کے متفقہ انتخاب کا اعلان کیا گیا ۔ اعلان کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی، وزیر مقننہ پرشانت ریڈی و مختلف جماعتوں کے ارکان نے بنڈا پرکاش کو کرسی صدارت تک پہنچایا اور مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ نائب صدرنشین کے عہدہ پر بنڈا پرکاش کا انتخاب باعث فخر ہے۔چیف منسٹر نے مدیراج طبقہ کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ 1981 میں میونسپل کونسلر کی حیثیت سے پرکاش نے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور 2017 میں پارٹی جنرل سکریٹری مقرر ہوئے۔ ایم ایل اے کوٹہ کے تحت 2021 میں وہ کونسل رکن منتخب ہوئے۔ وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو، وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ، کانگریس رکن جیون ریڈی، ٹی راجیشور ریڈی اور دیگر نے بنڈا پرکاش کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے بھی بنڈا پرکاش کو ڈپٹی چیرمین عہدہ پر تقرر کیلئے مبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیر فینانس ہریش راؤ، وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ، وزیر بہبودی خواتین ستیہ وتی راٹھور، سابق اسپیکر مدھو سدن چاری نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی۔ر