بنڈی سنجے کے قافلہ پر نامعلوم افراد کا انڈوں سے حملہ

   

ورنگل میں صورتحال کشیدہ، کانگریس کا اظہار لاتعلقی
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کی وجئے سنکلپ یاترا کے موقع پر آج ورنگل میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب نامعلوم افراد نے بنڈی سنجے کے قافلہ پر انڈوں سے حملہ کردیا۔ بنڈی سنجے اور ان کے حامیوں نے پولیس کے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں پر حملہ کا الزام عائد کیا۔ بنڈی سنجے اور ان کے حامی کافی دیر تک احتجاج کرتے رہے اور پولیس سیکوریٹی کے بغیر ہی یاترا آگے بڑھانے کا اعلان کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھیما دیورا پلی منڈل کے ونگارا موضع سے یاترا گذررہی تھی۔ نامعلوم افراد نے قافلہ پر انڈے پھینکے جو ٹی وی چینلس کے کیمروں پر گرے۔ بھگدڑ کے دوران حملہ آور فرار ہوگئے جس کے بعد بنڈی سنجے نے پولیس عہدیداروں سے شکایت کی کہ کانگریس پارٹی یاترا کو روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر آئندہ کوئی حملہ ہوتا ہے تو کانگریس قائدین بچ نہیں پائیں گے۔ بی جے پی کی خاموشی اور صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ کانگریس پارٹی نے حملہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ بی جے پی کارکن میرے تحفظ کیلئے کافی ہیں لہذا پولیس کو واپس چلے جانا چاہیئے۔ کشیدہ ماحول کے دوران ہی بنڈی سنجے نے یاترا کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں راجیم کے نام پر کانگریس غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔1