بنگلورو میں 24 سال پرانا جرنلزم انسٹی ٹیوٹ بند کردیا گیا

   

بنگلورو : دی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف جرنلزم اینڈ نیو میڈیا (IIJNM) جسے ملک کے باوقار انسٹی ٹیوٹ کے طور پر جانا جاتا تھا، نے جاریہ تعلیمی سال 2024-25 سے جرنلزم کا کورس بند کردیا ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ جاریہ تعلیمی سال میں طلباء کے داخلوں میں نمایاں کمی ہوئی۔ اپنے ایک ای میل کے ذریعہ ان تمام طلباء کو یہ انسٹی ٹیوٹ بند کرنے کی افسوسناک خبر دی گئی اور طلباء سے ان کے بیک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی تاکہ ان سے لی گئی فیس واپس کی جاسکے۔ گزشتہ 24 سالوں کے دوران مذکورہ انسٹیٹیوٹ کو جرنلزم کے لئے ایک انتہائی اعلیٰ درجہ کا مقام حاصل تھا لیکن حیرت انگیز طور پر جرنلزم کے شعبہ میں طلباء کے خاطر خواہ داخلوں کے فقدان کے بعد انسٹی ٹیوٹ کو شدید مالی خسارہ کا سامنا کرنا پڑا اور جاریہ تعلیمی سال بھی یہی صورت حال دیکھتے ہوئے ای میل کے ذریعہ تمام متعلقہ افراد کو یہ خبر دی گئی کہ موجودہ حالات میں مالی خسارہ چونکہ ناقابل برداشت ہوگیا ہے لہذا جرنلزم کی یہ باوقار انسٹی ٹیوٹ اپنی خدمات جاری رکھنے کے موقف میں نہیں ہے۔