نئی دہلی۔ رواں ہفتہ ملک میں ایک نوجوان سوشل میڈیا اسٹار کی موت ہوئی ہے جنھوں نے ویڈیو اپیل کی مدد سے اپنے چھوٹے بھائی کے علاج کے لیے کروڑوں روپے اکھٹے کیے تھے۔ 16 سالہ عفرا رفیق پٹھوں کی نایاب بیماری، سپائنل مسکولر اٹروفی یا ایس ایم اے، میں مبتلا تھیں۔ یہ ایک ایسی جینیاتی بیماری ہے جس میں پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں، حرکت کرنا اور سانس لینا دوبھر ہو جاتا ہے۔ اْن کی بیماری میں پیچیدگی کے بعد پیر کو ملک کی جنوبی ریاست کیرالا کے ایک ہسپتال میں ان کی موت ہوئی۔ ان کے والد پی کے رفیق کا کہنا ہے کہ ’انھوں (عفرا) نے زندگی سے ہر ممکن خوشی حاصل کی۔ عفرا کے خاندان اور ہمسائیوں کے مطابق وہ ایک باصلاحیت لڑکی تھیں جو بے پناہ درد کا مقابلہ کرتے ہوئے بھی گیت گانا اور پڑھنا پسند کرتی تھیں۔ لیکن یہ ان کی ایک سال قبل (2021) وائرل ہونے والی ویڈیو تھی جس نے ملک بھر میں ان کو شہرت دی۔ ان کے والد کے مطابق اس ویڈیو سے پہلے عفرا کیرالا کے کنور ضلع میں گھر سے زیادہ باہر نہیں نکلتی تھیں۔ ان کو چار سال کی عمر میں ایس ایم اے بیماری کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ صرف ہسپتال یا اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلتی تھیں۔