ممبئی 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے آج کہا کہ وہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان سے اتفاق نہیں کرتے کہ ہندوستان میں رہنے والے تمام 130 کروڑ باشندے ہندو ہیں۔ بھاگوت نے حیدرآباد میں جمعرات کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آر ایس ایس سمجھتی ہے کہ ہندوستان کی ساری آبادی ہندو سماج ہے ۔ اٹھالے نے جو ایک دلت لیڈر ہیں اور آر پی آئی کے سربراہ ہیں کہا کہ وہ بھاگوت کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کہا جاتا کہ آر ایس ایس ہر ایک کو ہندوستانی سمجھتی ہے اور ہم سب متحد ہیں تو وہ یہ بات سمجھ سکتے ہیں۔ ہندو ایک اکثریتی برادری ہے تاہم اس ملک میں بدھسٹ ‘ مسلمان ‘ عیسائی ‘ جینس ‘ دلت ‘ پسماندہ طبقات وغیرہ بھی ہیں۔ ہم سب ایک ہیں اور ہندوستانیوں کی حیثیت سے متحد ہیں۔