نئی دہلی : اتوار کی صبح دو افراد نے جنوبی دہلی کے لودھی کالونی میں سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر کی زیر تعمیر عمارت کے قریب ایک کچی بستی میں ایک 6 سالہ معصوم بچے کی گردن کاٹ کر بلی چڑھا دی۔پولیس نے بتایا کہ دْرگا پوجا کی چھٹی رات کو دیوتا کو خوش کرنے کے لیے ملزم کی جانب سے بچے کی قربانی دی گئی تھی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمیننشے کے عادی ہیں۔ ایک ملزم نے دوسرے کو بتایا کہ اس نے خواب میں دیکھا ہے کہ بھولے بابا بچے کا سر قلم کرنے کو کہہ رہے ہیں۔جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس چندن چودھری نے کہا کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے درگا پوجا کے چھٹے دن بھولے بابا (دیوتا) کو خوش کرنے کے لیے بچے کی بلی دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اتوار (2 اکتوبر) کو تقریباً 12.40 بجے مجھے سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر کی زیر تعمیر عمارت کے سیکورٹی انچارج کی طرف سے کال موصول ہوئی کہ 6 سالہ بچے کا سر قلم کردیا گیا ہے۔دونوں ملزمان کو سائٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، بعد میں مقتول کی شناخت اس مقام پر کام کرنے والے مزدوروں میں سے ایک کے بیٹے کے طور پر ہوئی۔