بہار حکومت نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے معاملے میں جوابدہی طے کرے : کانگریس

   

نئی دہلی۔ 2جون (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ بہار میں حکمرانی نام کی کوئی چیز نہیں رہ گئی ہے اور خواتین اور خاص کر لڑکیوں کی عصمت دری کے واقعات آئے روز ہو رہے ہیں، اس لیے خاموشی اختیار کرنے کے بجائے ریاستی حکومت کو ان معاملات میں جوابدہی طے کرنی چاہیے ۔ خواتین کانگریس کی صدر الکا لامبا نے پیر کو یہاں پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا راج چل رہا ہے ۔ ریاست میں خواتین پر تشدد ہو رہا ہے اور لڑکیوں کے جنسی استحصال کے واقعات مسلسل منظر عام پر آ رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ بھی جوابدہ ہیں، لہٰذا بہار حکومت کو ان معاملات میں جوابدہی طے کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کم سن بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں سزائے موت ہونی چاہیے لیکن پھانسی کیوں نہیں دی جاتی۔ ملک کی سچائی یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بیٹیوں کے ساتھ نہیں کھڑی ہے ، بلکہ مجرموں کو بچانے میں لگی ہوئی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں اور مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ بہار میں صرف 15 دنوں کے اندر کئی لڑکیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جن میں مظفر پور میں پانچویں جماعت میں پڑھنے والی لڑکی بھی شامل ہے ، ریپ کے بعد اسے قتل کرنے کی کوشش کی گئی اور اس کے جسم پر 20 سے زائد زخموں کے نشانات پائے گئے ۔ چھپرہ میں اسکول سے واپسی کے دوران ایک طالبہ کو اغوا کر کے اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔