بہار میں وشواس یاترا کو عوامی حمایت پر این ڈی اے پریشان

,

   

سمستی پور(بہار): بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق نائب وزیراعلی تیجسوی یادو نے کہا ہیکہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے قائدین ’جن وشواس یاترا‘ میں مل رہی عوامی حمایت سے پوری طرح گھبراگئے ہیں۔ وشواس یاترا کے دوران اتوار کو سمستی پور میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ جب ہم روزگار فراہم کرنے کی بات کرتے تھے تو این ڈی اے قائدین کہتے تھے کہ یہ ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کے 17ماہ کے دوران ہم نے چھ لاکھ بیروزگار لوگوں کو روزگار فراہم کیا جس میں تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 10 لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کا انتخابی وعدہ کیا تھا جسے پورا کرنے کی کوشش کی لیکن درمیان میں ہی وزیر اعلیٰ نتیش کمار پلٹ کر بی جے پی کی گود میں بیٹھ گئے ۔ وشواس یاترا میں مل رہی عوامی حمایت سے بی جے پی سمیت این ڈی اے کے قائدین پوری طرح سے خوفزدہ ہیں۔سابق نائب وزیراعلیٰ نے عوام اور نوجوانوں سے 3 مارچ کو پٹنہ میں مہاریلی میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ یہ مہاریلی تاریخی ہوگی۔ سابق وزیر اور اجیا رپور سے آر جے ڈی ایم ایل اے آلوک کمار مہتا، سی پی آئی (ایم) لیجسلیچر پارٹی لیڈر اجے کمار اور سمستی پور کے مقامی آر جے ڈی ایم ایل اے اختر الاسلام شاہین نے بھی اس وشواس یاترا میں حصہ لیا۔
تیجسوی یادو کے سمستی پور پہنچنے پر آر جے ڈی کی ضلع صدر روما بھارتی، کانگریس کے ضلع صدر محمد ابو تمیم، سی پی آئی (ایم ایل) کے سکریٹری پروفیسر امیش پرساد اور دیگر عظیم اتحاد کے کارکنوں اور لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔