بین الاقوامی کھجور کونسل میں ترکی کی شمولیت پر تبادلہ خیال

   

ریاض، 3 اگست (ایجنسیز) سعودی عرب میں بین الاقوامی کھجور کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہزادی سارہ بنت بندر نے ریاض میں ترک سفارت خانے میں سعودی عرب میں ترکی کے سفیر امراللہ اشلر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی کھجور کونسل کے کام، مقاصد اور عالمی کھجور کے شعبے کی ترقی میں اس کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ کونسل میں ترکی کی ممکنہ رکنیت اور شمولیت کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہوئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ترک سفیر نے کونسل کے مختلف پروگراموں، اقدامات اور رکنیت کے طریقہ کار میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترکی دنیا میں کھجور درآمد کرنے والے نمایاں ممالک میں شامل ہے۔ 2025 کے دوران ترکی نے 67,093 ٹن کھجور درآمد کی، جن کی مجموعی مالیت 133.7 ملین امریکی ڈالر رہی۔ بین الاقوامی کھجور کونسل عالمی سطح پر کھجورکے شعبہ کی ترقی اور ضابطہ بندی کے لیے ایک مرکزی ادارے کے طور پر کام کرتی ہے، جو کھجور پیدا کرنے، برآمد کرنے اور درآمد کرنے والے ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے۔