حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) بیٹنگ ایپ کو پرموٹ کرنے سے متعلق مقدمہ میں ملوث فلم اسٹار وشنو پریا نے تلنگانہ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرکے ایف آئی آر کو کالعدم کرنے کی اپیل کی۔ ہائیکورٹ نے آج اِس معاملہ کی سماعت کی۔ میاں پور پولیس نے وشنو پریا اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔ ہائیکورٹ نے ایف آئی آر کالعدم کرنے اور تحقیقات پر حکم التواء سے انکار کردیا۔ ہائیکورٹ نے وشنو پریا کو ہدایت دی کہ وہ پولیس تحقیقات میں تعاون کریں۔ بیٹنگ ایپ کے پرموشن پر پولیس نے بعض فلمی ستاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرس کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔ جملہ 11 افراد کے خلاف پنجہ گٹہ اور میاں پور پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس نے وشنو پریا کو نوٹس جاری کرکے تحقیقات کیلئے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ وشنو پریا پنجہ گٹہ پولیس کے روبرو پیش ہوئیں جبکہ اُنھیں 25 مارچ کو دوبارہ پیش ہونا تھا جس پر اُنھوں نے ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ اُنھوں نے دونوں پولیس اسٹیشنوں میں درج مقدمات کو کالعدم کرنے کی اپیل کی۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عدالت نے تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس سے کہا گیا کہ وہ اِس معاملہ میں قانون کے مطابق کارروائی کرے۔1