حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے کارگذار صدر اور ایم ایل سی، بی مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ بی آر ایس حکومت کے دوران چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے لئے جاری کئے گئے تقریباً 40 ہزار چیکس ہنوز زیرالتواء ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بی آر ایس حکومت نے کانگریس کو ایک منفی بینک بیلنس کے ساتھ حکومت کے حوالہ کیا ہے۔ کل یہاں گاندھی بھون میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے مہیش کمار نے کہاکہ سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے خاندان نے مختصر وقت میں بڑی عوامی رقومات کو لوٹا ہے۔ انھوں نے کہاکہ جاری جائزہ اجلاسوں میں ہر محکمہ میں چونکا دینے والے حقائق کے انکشافات ہورہے ہیں۔