لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کو 14 نشستوں پر کامیابی، ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس کی سابق اور کانگریس کی موجودہ حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ بی آر ایس نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا جبکہ ریونت ریڈی حکومت نے 100 دن کے اندر 4 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی آر ایس میں ہریش راؤ کی موجودگی پر شبہ ہے اور وہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کی بی جے پی قائدین سے بات چیت جاری ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اگر اسمبلی میں قائد اپوزیشن کا عہدہ اگر کے ٹی آر کو دیا جاتا ہے تو ہریش راؤ پارٹی چھوڑ دیں گے اور ہریش راؤ کو دیئے جانے پر کے ٹی آر ناراض ہوجائیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو ریونت ریڈی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے لہذا انہوں نے اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ اگر بی آر ایس کی طرح کانگریس بھی ارکان اسمبلی کو انحراف کی ترغیب دے تو بی آر ایس خالی ہوجائے گی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو تلنگانہ کے مسائل پر یادداشت پیش کی گئی ہے اور مرکز سے تعاون کی اپیل کرنا کوئی غلط نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اس قدر کمزور ہوچکے ہیں کہ انہوں نے بی ایس پی کا سہارا لیا ہے جبکہ بی ایس پی کا تلنگانہ میں کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم کے بارے میں رہنمایانہ خطوط جلد طئے کئے جائیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اگر راہول گاندھی تلنگانہ سے مقابلہ کرتے ہیں تو وہ نریندر مودی سے زیادہ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ بی آر ایس کو لوک سبھا چناؤ میں ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوگی۔ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور 14 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کے تحت گروپ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔1