ایٹا : لوک سبھا الیکشن کے چوتھے مرحلے میں فرخ آباد لوک سبھا سیٹ کے لئے ووٹنگ کرنے والے نابالغ نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پولنگ بوتھ کے سبھی اراکین کو معطل کردیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ ایٹا ضلع کے علی گنج اسمبلی حلقے میں 13مئی کو ہوئے فرخ آباد لوک سبھا سیٹ کے لئے ووٹنگ کے دوران ایک نوجوان کے ذریعہ ایک ایک کر کے آٹھ مرتبہ ووٹ ڈالنے اور ویڈیو بنانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ جس کی شکایت فرخ آباد لوک سبھا کے سماج وادی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر نول کشور شاکیا نے الیکشن کمیشن سے کی تھی۔معاملہ الیکشن کمیشن کی نوٹس میں آتے ہی فوری کاروائی کی گئی اور ملزم نوجوان راجن سنگھ کو اتوار کی دیر رات گرفتار کرلیا گیا۔ ساتھ ہی پوری پولنگ پارٹی کو معطل کردیا گیا۔اس معاملے میں ایس پی امیدوار نے بوتھ نمبر 343،349اور359 پر دوبارہ ووٹنگ کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر شاکیا کا الزام ہے کہ بوتھ نمبر 349کدرا گنج جو لودھی اکثریتی ہے اس میں نگلا بھگو کے رائے دہندگان کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا۔ اسی طرح بوتھ نمبر359 منگدپور جو چھتری اکثریت والا ہے اس میں نگلا گنگی، بنورا اور پرسی پور کے رائے دہندگان کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا۔ فرخ آباد ڈسٹرکٹ آفیسر آیوش چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ وائرل ویڈیو کا نوٹس لیا گیا ہے اور اس معاملہ کی سنجیدگی کے ساتھ تحقیقات کی جا رہی ہے تحقیقات کے دوران قصور وار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔