چیف سکریٹری سنجے جاجو کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، چیف منسٹر ریونت ریڈی قومی پرچم لہرائیں گے
حیدرآباد ۔3 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاستی سطح پر 15 اگست کو یوم آزادی تقاریب کے انعقاد کا جائزہ لیا ۔ یوم آزادی کی ریاستی تقریب گولکنڈہ قلعہ کے رانی محل لانس پر منعقد ہوگی جس کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ یوم آزادی ریاست میں سرکاری سطح کا ایک اہم پروگرام ہے اور تمام محکمہ جات کو موثر انتظامات کے علاوہ بہتر منصوبہ بندی اور بہتر تال میل کے ساتھ شایان شان طور پر یوم آزادی کے جشن کا اہتمام کرنا چاہئے۔ چیف سکریٹری کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر واقع شہید فوجی جوانوں کی یادگار پر خراج پیش کریں گے جس کے بعد تاریخی قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرائیں گے ۔ رانی محل لانس پر یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر چیف منسٹر پریڈ کی سلامی دیں گے اور خطات کریں گے۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات کو نقائص سے پاک موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی انتطامات کے علاوہ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ تقریب کے مقام کی سجاوٹ اور دیگر انتظامات کیلئے عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں۔ سنجے جاجو نے محکمہ عمارات و شوارع کو انفراسٹرکچر ، اسٹیج کی تیاری ، نشستوں کے انتظامات ، بیریکیٹس کی تنصیب اور گولکنڈہ جانے والی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ پولیس کو سیکوریٹی کے علاوہ بہتر ٹریفک انتظامات اور اہم شخصیتوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کی ہدایت دی۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کو صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی میڈیکل ٹیموں کو فرسٹ ایڈ اور ایمبولنس کی سہولت کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔ فائر سرویس ڈپارٹمنٹ کو ایمرجنسی خدمات کی تیاریوں اور فائربریگیڈ تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ برقی کو بلا وقفہ سربراہی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج ، نوین متل ، وانی پرساد ، پرنسپل سکریٹری جے اے ڈی وپلیٹکل احمد ندیم ، پرنسپل سکریٹری ہوم ، شیکھا گوئل ، ایڈیشنل ڈی جی پی لاء اینڈ آرلاس مہیش بھاگوت ، پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسس وکرم سنگھ مان ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔1/k/m/b