تانڈور ریلوے اسٹیشن کے قریب گانجہ ضبط ، تین افراد گرفتار

   

تانڈور ۔ 12 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گانجے کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے تانڈور ریلوے اسٹیشن کے قریب 52.8 کلو گرام خشک گانجہ ضبط کرلیا۔ اس سلسلہ میں اُڈیشہ سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ضبط شدہ گانجے کی مالیت تقریباً 13.20 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ضلع ایکسائز سپرنٹنڈنٹ سری نواس ریڈی نے چہارشنبہ کے روز تانڈور ایکسائز دفتر میں میڈیا کو کیس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ تانڈور کے راستے گانجے کی غیر قانونی منتقلی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر ایس ٹی ایف حیدرآباد، انفورسمنٹ رنگاریڈی، ڈی ٹی ایف وقارآباد اور مقامی ایکسائز عہدیداروں نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔ منگل کی شب تانڈور ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع دو پہیہ گاڑیوں کی پارکنگ میں تلاشی مہم چلائی گئی۔ اس دوران چار ٹرالی بیگس کے ساتھ مشتبہ حالت میں موجود تین افراد کو حراست میں لے کر تلاشی لی گئی، جس پر ان کے سامان سے گانجے کے پیکٹ برآمد ہوئے۔گرفتار افراد کی شناخت مدھو پردھان، شیوا نائک اور نیلو منڈل، ساکنان اڑیسا، کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 52.8 کلو گرام گانجہ برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً 13 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمین گانجہ منتقل کرنے کے عوض فی کس 10 ہزار روپئے اجرت حاصل کر رہے تھے۔ ایکسائز عہدیداروں نے گانجہ ضبط کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزمین کو ریمانڈ کے لیے روانہ کردیا۔ اس کارروائی میں ایس ٹی ایف کے سب انسپکٹرس وینکٹیش اور منجولا، ڈی ٹی ایف سی آئی سری نواس، تانڈور ایکسائز سی آئی، ایس آئیز اور دیگر عملہ نے حصہ لیا۔