انقرہ : 1999 میں ترکیہ کے زلزلے میںپیدا ہونے والا عثمان انیس 2023 کے زلزلے میں دنیا کو خیرباد کہہ گیا۔ترک میڈیا سے گفتگو میں عثمان کی والدہ نے بیٹے کی اس مختصر زندگی سے متعلق بتایا اور یہ انکشاف کیا کہ عثمان کی پیدائش 1999 میں ترک شہر غازی انتیپ میں ہوئی تھی، جس دوران زلزلہ آیا ہوا تھا، اور اب 2023 میں عثمان ترکی کے جنوب میں واقع شہر نوردگی میں آئے زلزلے میں فوت ہوگیا۔عثمان کی والدہ آسیے باس ترک نے 6 فروری کی اس رات کے بارے میں بتایا جو ان کی زندگی کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بنی۔انہوں نے کہاکہ ‘میری اس رات آنکھ کھلی تو سب کچھ زور زور سے ہل رہا تھا، میں نے فوراً ہی اپنے شوہر کو اٹھایا اور انہیں دیوار کے ساتھ لگایا، جیسے ہی میں اپنے بچوں کی جانب بڑھی تو میرے اوپر چھت گرگئی’۔ آسیے باس ترک کے مطابق جس رات 7.7 کا زلزلہ آیا اس رات میرا بڑا بیٹا عثمان اپنے بھائی امیرحان کے ساتھ ایک ہی کمرے میں سو رہا تھا، لیکن قدرت نے اس کی زندگی اتنی ہی لکھی تھی۔