تلنگانہ انویسٹ سمٹ کیلئے وار روم کے قیام کا فیصلہ

   

بھٹی وکرامارکا کی زیرقیادت کابینی سب کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد 27 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 7 تا 9 ڈسمبر منعقد ہونے والے گلوبل انوسٹمنٹ سمٹ ’’انویسٹ تلنگانہ‘‘ کے کامیاب انعقاد اور سرکاری اداروں اور عالمی کمپنیوں کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ وار روم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو کو ہدایت دی گئی ہے کہ وار روم کے لئے ایک سینئر عہدیدار کو نگرانکار کے طور پر مقرر کیا جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انویسٹ تلنگانہ سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے تیاریوں کے سلسلہ میں سب کمیٹی کو ایکشن پلان سے واقف کرایا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ سمٹ کے لئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں۔ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور ڈی سریدھر بابو نے ماہرین اور اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ذیلی کمیٹی کی تشکیل کی سفارش کی۔ گزشتہ سال کے انویسمنٹ سمٹ میں طے کئے گئے معاہدوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ کمیٹی مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ معاہدات میں پیشرفت کو یقینی بنائے گی۔ چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ کی سطح پر انویسٹمنٹ سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیں۔V/1

بھٹی وکرامارکا کی بنگلور میں کرناٹک کے وزیر برقی سے ملاقات

حیدرآباد 27 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے بنگلور میں کرناٹک کے وزیر برقی کے جے جارج سے ملاقات کی۔ دونوں وزراء نے سنگارینی کالریز کو کوئلہ کی سربراہی کے مسئلہ پر دونوں ریاستوں کے درمیان معاہدہ پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے تجویز پیش کی کہ کرناٹک حکومت کے برقی جنریشن اداروں کو چھتیس گڑھ اور اڈیشہ میں موجود کول بلاکس کی مائننگ میں سنگارینی کالریز کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ کرناٹک پاور کارپوریشن لمیٹیڈ اور سنگارینی کالریز کو باہمی اشتراک سے کوئلہ کی کانکنی کا کام انجام دینا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت سنگارینی کالریز کے ذریعہ کرناٹک کے برقی جنریشن اداروں کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہے۔ موسمی تبدیلی کی صورت میں دونوں ریاستوں کی زرعی سرگرمیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی ملاقات میں جائزہ لیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ سنگارینی کالریز کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر بدھا پرکاش جیوتی اور ایکزیکٹیو ڈائرکٹر وینکنا موجود تھے۔V/1