حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کمیشن فار بیاک ورڈ کلاسیس کے صدرنشین اور ارکان کل 9 ستمبر کو اپنے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ حکومت نے تلنگانہ بی سی کمیشن کے صدرنشین کے عہدہ پر سینئر کانگریس قائد جی نرنجن کا تقرر کیا ہے جبکہ ارکان میں سینئر صحافی ٹی سریندر، آر جئے پرکاش اور شریمتی بالا لکشمی رنگو کو نامزد کیا گیا۔ صدرنشین اور ارکان خیریت آباد میں واقع حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی عمارت کی چوتھی منزل پر اپنے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ تقرر کے بعد صدرنشین اور ارکان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تقرر پر اظہار تشکر کیا۔ کمیشن نے کانگریس ہائی کمان سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔ جی نرنجن نے کہا کہ تلنگانہ میں بی سی طبقات کی مردم شماری اور مجالس مقامی میں بی سی تحفظات میں اضافہ کی اہم ذمہ داری کے ساتھ بی سی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ کمیشن اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کیلئے حتی المقدور مساعی کرے گا۔ نرنجن نے سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، کے سی وینوگوپال اور دیپا داس منشی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء سے بھی اظہار تشکر کیا۔ نرنجن نے کہا کہ وہ عوامی نمائندوں اور بی سی طبقات کے نمائندوں کی موجودگی میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں موجود تمام طبقات کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل کرنے کا واحد ذریعہ مردم شماری ہے۔ کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پیش کی ہے۔ راہول گاندھی کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔ نرنجن نے کہا کہ راہول گاندھی کے نظریہ کے مطابق تلنگانہ بی سی کمیشن ریاست میں مردم شماری کیلئے مساعی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جس امید کے ساتھ بی سی کمیشن پر فائز کیا ہے وہ ان کے اعتماد پر کھرا اُترنے کی کوشش کریں گے۔1