12 ریاستوں کے عازمین کی حیدرآباد سے روانگی، چیف منسٹر ، سرکاری محکمہ جات اور عوامی نمائندوں سے مولانا خسرو پاشاہ کا اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حج کیمپ 2025 کا اختتام عمل میں آیا اور جملہ 9331 عازمین حج مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے ۔ حج کمیٹی کے ذریعہ عازمین کا 30 واں اور آخری قافلہ کل رات سعودی عرب کیلئے روانہ ہوا۔ وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے حج ہاؤز نامپلی پہنچ کر عازمین حج سے ملاقات کی اور خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر ایرپورٹ کیلئے روانہ کیا۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج کے 30 قافلے روانہ ہوئے جن میں 7 ابتدائی قافلے مدینہ منورہ جبکہ باقی جدہ روانہ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، آسام ، بہار ، چھتیس گڑھ ، دہلی ، جموں و کشمیر ، جھارکھنڈ ، کرناٹک ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا ، اڈیشہ اور اترپردیش کے عازمین نے روانگی کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کیا۔ مجموعی طور پر 9331 عازمین میں 4865 مرد اور 4466 خواتین شامل ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے 6738 عازمین کی روانگی عمل میں آئی جن میں 3506 مرد اور 3232 خواتین شامل ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے 16 عازمین بنگلور ، ممبئی اور ناگپور سے روانہ ہوئے۔ جاریہ سال 2353 منتخب افراد نے سفر حج منسوخ کردیا۔ تلنگانہ کے 1159 ، بہار 13 ، چھتیس گڑھ 23 ، کرناٹک 831 ، مہاراشٹرا 506 ، اڈیشہ 43 ، آسام 2 ، دہلی 2 ، جموں و کشمیر 2 ، جھارکھنڈ 5 ، مدھیہ پردیش 6 اور اترپردیش کے ایک عازم حج کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئی۔ مولانا خسرو پاشاہ نے بتایا کہ تلنگانہ کے تمام عازمین حج خیریت سے ہیں اور مکہ مکرمہ میں ایام حج کے آغاز کا انتظار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور حکومت سعودی عرب کی جانب سے عازمین کے لئے مؤثر انتظامات کئے گئے۔ تلنگانہ کے عازمین نے ویڈیو میسیجس اور ٹیلیفون کے ذریعہ ریاستی حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں تلنگانہ عازمین کے انتظامات میں سرفہرست ہیں۔ رہائشی عمارتوں میں بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ حیدرآبادی رباط میں مقیم عازمین نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ 29 اپریل سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوا تھا۔ مولانا خسرو پاشاہ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، محکمہ اقلیتی بہبود اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے موثر انتظامات پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیتوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے حج ہاؤز پہنچ کر عازمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینے والے والینٹرس سے بھی اظہار تشکر کیا۔1