حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین حج کے 9 قافلوں کی مدینہ منورہ روانگی مکمل ہوچکی ہے جس کے تحت جملہ 2653 عازمین حج سعودی ایر لائنس کی خصوصی پروازوں سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں کے مطابق آج 402 عازمین حج کی روانگی عمل میں آئی جن میں تلنگانہ کے 84 اور مہاراشٹرا کے 318 عازمین شامل ہیں۔ مرد عازمین کی تعداد 207 اور خواتین کی 195 تعداد درج کی گئی۔ حج ہاوز نامپلی میں عازمین حج کی روانگی سے قبل علمائے کرام مناسک حج کی تفصیلات بیان کررہے ہیں۔ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے عازمین حج کی خصوصی بسوں کو روانہ کیا۔ حج کیمپ اور ایر پورٹ پر موثر انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ سے متصل عمارتوں میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی۔ مدینہ منورہ میں 7 دن قیام کے بعد عازمین بحالت احرام مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ اسی دوران ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے مکہ مکرمہ میں نظام رباط میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ 543 منتخب عازمین کے قیام کی گنجائش رہے گی۔ 1