تلنگانہ عوام کیلئے کانگریس کے 6 اہم اعلانات

,

   

غریب خواتین کو 2500 پنشن
500 روپئے میں گیس سلینڈر، 200یونٹ مفت برقی
آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفرکی سہولت
مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ کی امداد
شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو 250 گز اراضی
ہیلت انشورنس 10 لاکھ، ضعیفوں کو 4 ہزار پنشن

حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عوام کیلئے 10 مختلف ضمانتوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سماج کے تمام اہم طبقات کا احاطہ کیا گیا۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سابق صدور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے آج تکوگوڑہ میں جلسہ عام کے موقع پر ضمانتوں کا اعلان کیا۔ کانگریس نے 6 ضمانتوں کے تحت جملہ 10 اہم وعدے کئے ہیں۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت غریب خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے پنشن دیا جائے گا۔ غریب خواتین کو پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ بے گھر غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے اندراماں ایلو اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے شہیدان کے افراد خاندان کو 250 گز امکنہ اراضی فراہم کی جائے گی۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں اور قولدار کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے کی مدد دی جائے گی۔ زرعی مزدوروں کو سالانہ 12 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی اور دھان کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کے علاوہ 500 روپئے فی کنٹل بونس دیا جائے گا۔ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 200 یونٹ تک بجلی مفت سربراہ کی جائے گی۔ معمرین کیلئے ماہانہ 4 ہزار روپئے پنشن دیا جائے گا۔ راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت ہیلت انشورنس کو بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد کی جائے گی اور کوچنگ فیس بھی حکومت ادا کرے گی۔