تلنگانہ عوام کے دلوں میں تلگودیشم کیلئے جگہ : چندرا بابو نائیڈو

   

ایک ماہ طویل گھر گھر تلگودیشم مہم کا آغاز، شمولیت کیلئے کئی قائدین ربط میں

حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) تلگودیشم کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گھر گھر تلگودیشم پارٹی پروگرام کا آج حیدرآباد میں آغاز کیا۔ تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر تلگودیشم تلنگانہ کے صدر کاسانی گیانیشور اور دیگر قائدین موجود تھے۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم پارٹی گذشتہ 41 برسوں سے تلگو عوام کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا ہر شخص تلگودیشم پارٹی کو اپنے دل میں جگہ دیئے ہوئے ہے۔ این ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کی سرزمین پر تلگودیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ تلگو عوام کی عزت نفس کے تحفظ کیلئے پارٹی قائم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو تلگودیشم میں مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں قائدین اور کیڈر متحدہ مساعی کریں تو پارٹی اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرپائے گی۔ تلنگانہ میں آج بھی پارٹی عوام کے دلوں میں ہے اور تلگودیشم دور حکومت میں شروع کی گئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے فوائد سے آج بھی لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی اور سائبرآباد کے قیام کا سہرا تلگودیشم پارٹی کے سر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کاسانی گیانیشور کی قیادت میں تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی عوام کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور روزگار سے وابستہ کرنے میں سنجیدہ ہے۔ غریبوں کی بھلائی کیلئے تلگودیشم نے گذشتہ 40 برسوں میں غیر معمولی کام انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے گاؤں گاؤں میں آج بھی تلگودیشم کا وجود برقرار ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ عوام میں مقبول قائدین کو پارٹی میں ترجیح دی جائے گی۔ نائیڈو نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ این ٹی آر بھون کے اطراف گھومنے کے بجائے دیہاتوں میں عوام سے قریب ہوں۔ اسی دوران کاسانی گیانیشور نے تلنگانہ میں گھر گھر تلگودیشم مہم کو کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ تک تلگودیشم قائدین اس مہم کے تحت گاؤں گاؤں اور بستی بستی پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے بعض اہم قائدین تلگودیشم میں شمولیت کیلئے ربط میں ہیں۔ر