تلنگانہ میں اعلیٰ تعلیم کی صورتحال پر گورنر کا جائزہ، فوری جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم

   

حیدرآباد، 14 نومبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ اور یونیورسٹیز کے چانسلر شیو پرتاپ شکلا نے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائر ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر وی بالاکرشنا ریڈی کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی جس میں ریاست کے تعلیمی اداروں کی موجودہ صورتحال، ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے حالیہ واقعات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے ان تمام معاملات پر فوری طور پر ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں تعلیمی معیار اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی غرض سے جلد ہی تمام ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔اس موقع پر پروفیسر بالاکرشنا ریڈی نے گورنر کو تحقیق، صنعت و تعلیمی اداروں کے باہمی تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے اکتوبر میں جے این ٹی یو حیدرآباد کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’ریچ-2026‘ کانفرنس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین نے گورنر کی توجہ عملی و تجرباتی تعلیم، انڈر گریجویٹ سطح پر داخلوں کے عمل میں اصلاحات اور صنعتی شراکت داری جیسے اہم تعلیمی امور کی جانب مبذول کرائی جس پر گورنر نے مکمل تعاون اور اصلاحی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ اس ملاقات کو تعلیمی شعبہ میں اہمیت کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ 2