تلنگانہ میں سڑک حادثات،300 طلبہ کی موت، 1175 زخمی

   

سال 2023 کے دوران ریاست میںسڑک حادثات سے جملہ 7600 اموات ، اعداد و شمار کی اجرائی

حیدرآباد : 29 جنوری ( سیاست نیوز) اسکولس میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے روشن مستقبل بنانے کی راہ پر گامزن ہونے والے طلبہ کی سڑک حادثات میں موت واقع ہورہی ہیں ۔ ریاست میں ہر سال ہونے والے سڑک حادثات میں سینکڑوں طلبہ اپنی قیمتی زندگیوں سے محروم ہورہے ہیں اور زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہیں ۔ اسکول جانے والی بسوں میں سوار ہوتے ہوئے اور اترتے ہوئے حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ سڑک عبور کرنے کے دوران سائیکل پر ، پیدل چل کر جانے کے دوران ، دوسری گاڑیوں میںسفر کے دوران سڑک حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ تیز رفتار بائیک چلاتے ہوئے حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ ریاست بھر میں سال 2023 کے دوران 18سال عمر سے کم 300 طلبہ سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے ، 1175 طلبہ زخمی ہوئے ۔ 18 تا 25سال عمر کے دوران 1115 طلبہ کی موت ہوئی جبکہ 3564 طلبہ زخمی ہوئے ۔ سال 2023 کے دوران ریاست میں سڑک حادثات سے جملہ 7600 افراد کی موت واقع ہوئی جن میں 1415 ( 18.61 فیصد ) کی عمر 18سال سے کم تھیں ۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ ان میں سب سے بڑا حصہ اسکولس اور کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کا ہے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ حادثات ہندوستان میں ہوتے ہیں ، ہر دن تقریباً 400 افراد کی موت واقع ہوتی ہے جبکہ دنیا کی جملہ گاڑیوں میں ایک فیصد گاڑیاں ملک میں ہیں لیکن سڑک حادثات میں ہونے والی اموات میں ہمارا حصہ 11فیصد ہے ۔ ملک میں سڑک حادثات میں روزانہ اوسطً 42 بچے ہلاک ہورہے ہیں اور ان میں 31 بچوں کی عمر 18تا 25سال کے درمیا ن ہیں ۔ سال 2023 کے دوران اسکولس اور کالجس کے باہر 35 ہزار حادثات ہوئے جس میں 10ہزار بچوں کی موت واقع ہوئی ۔ سڑک حادثات میں تلنگانہ کا ملک بھر میں 10واں مقام ہے ۔ سال 2023 میں 21,619 سڑک حادثات ہوئے ۔ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے سڑک حادثات پر قابو پانے بالخصوص طلبہ کی حفاظت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر پہلے مرحلے میں 30 اضلاع کے 50 اسکولس میں ٹریفک شعور بیداری پارکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ طلبہ میں روڈ سیفٹی کے تعلق سے معلومات فراہم کی جائیں گی ۔ 2