تلنگانہ میں فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کو کانگریس حکومت نے نظر انداز کردیا

   

علحدہ ریاست کے سی آر کی جدوجہد کا نتیجہ ، جگتیال میں دکشھا دیوس سے محمد سلیم اور رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کا خطاب
حیدرآباد ۔29۔نومبر (سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کے مرن برت کی یاد میں آج بی آر ایس نے ہر ضلع میں دکشھا دیوس کا اہتمام کرتے ہوئے تلنگانہ کے جہد کاروں کی قربانیوں کو یاد کیا ۔ جگتیال میں بی آر ایس کی جانب سے دکشھا دیوس کا اہتمام کیا گیا جس میں رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے ، صدر ضلع بی آر ایس کمیٹی ودیا ساگر راؤ کے علاوہ سابق ارکان اسمبلی و کونسل اور مجالس مقامی کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ جگتیال کے انچارج کے طور پر سابق رکن کونسل اور سابق صدرنشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ جگتیال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے جلوس کا اہتمام کیا اور علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کو کے سی آر کی بھوک ہڑتال کا نتیجہ قرار دیا۔ جگتیال میں جگہ جگہ کے سی آر اور دیگر قائدین کے فلیکسی اور کٹ آؤٹس لگائے گئے تھے۔ دکشھا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر کے بھوک ہڑتال کے نتیجہ میں اس وقت کی مرکزی حکومت نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر جدوجہد نہ کرتے تو علحدہ ریاست تشکیل نہ پاتی۔ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ عوام کے ساتھ مسلسل ناانصافیوں کے خلاف عوامی تحریک شروع کی گئی تھی اور کے سی آر نے علحدہ ریاست کے حصول کے ذریعہ جمہوری تحریکات کی کامیابی کی تاریخ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے نہ صرف تلنگانہ حاصل کیا بلکہ چیف منسٹر کی حیثیت سے اس کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سالہ دور حکومت میں گولڈن تلنگانہ کی تشکیل کے سی آر کا کارنامہ ہے۔ دنیا بھر میں تلنگانہ نے اپنی علحدہ شناخت بنائی ہے ۔ کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ ایک سال کے دوران تلنگانہ عوام حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے علاوہ فلاحی اسکیمات کو فراموش کردیا گیا۔ بی آر ایس دور حکومت میں اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کی فلاحی اسکیمات ٹھپ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے اقلیتوں اور کمزور طبقات کی معاشی ، تعلیمی اور سماجی ترقی کے لئے اقدامات کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور بی آر ایس کی مقبولیت میں اضافہ ہوچکا ہے اور اگر انتخابات ہوتے ہیں تو بی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام خود حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے نے کہا کہ کے سی آر علحدہ تلنگانہ تحریک کے ایسے قائد ہیں، جنہوں نے گاندھیائی اور جمہوری انداز کو اختیار کرتے ہوئے علحدہ ریاست حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عوام عاجز آچکے ہیں ۔ 1