تلنگانہ میں کانگریس کو 14 لوک سبھا حلقوں میں کامیابی: جیون ریڈی

   

بی آر ایس قائدین نے شکست سے سبق نہیں لیا، غرور اور تکبر کا رجحان برقرار
حیدرآباد ۔12 ۔ جنوری (سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ شکست کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں۔ اگر عوام کے فیصلہ کو تسلیم نہیں کیا گیا تو آئندہ اسمبلی چناؤ میں اپوزیشن کا رتبہ حاصل نہیں ہوگا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انتخابی شکست کے باوجود بی آر ایس قائدین نے سبق نہیں سیکھا ہے۔ کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور دیگر قائدین ابھی بھی غرور و تکبر کا مظاہرہ کرکے کانگریس کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کارکردگی سے مایوس ہوکر عوام نے کانگریس کو اقتدار سے نوازا ہے ۔ اگر بی آر ایس قائدین کا رویہ تبدیل نہیں ہوا تو آئندہ الیکشن میں مزید شرمناک شکست ہوگی۔ بی آر ایس دور حکومت میں پراجکٹس کی تعمیر اور سرکاری اسکیمات پر عمل آوری میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں انجام دی گئی۔ مشن بھگیرتا کے تحت سرکاری رقومات کا بیجا استعمال کیا گیا۔ کالیشورم کی ری ڈیزائیننگ کے نام پر ہزاروں کروڑ ہضم کئے گئے ۔ کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرنے پراجکٹ کی ری ڈیزائینگ کی گئی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ایس سی سب پلان اور ایس سی ڈیولپمنٹ فنڈ کو دیگر اغراض کیلئے منتخب کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی بندھو اسکیمات کے نام پر ہنگامنہ کیا گیا لیکن حقیقی مستحقین کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ الیکشن میں فائدہ کیلئے محدود تعداد میں قرضجاری کئے گئے۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس شاندار مظاہرہ کرے گی اور کئی حلقوں میں بی آر ایس کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس امیدواروں کی عدم تبدیلی سے شکست کا دعویٰ غلط ہے جبکہ عوام نے قیادت تبدیل کرنے فیصلہ سنایا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس کو کم از کم 14 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ 1