حیدرآباد، 13ستمبر (یو این آئی) تلنگانہ کے ریونیو اور سروے حکام کا ایک وفد، جو نیشنل انفارمیٹکس سنٹر (این آئی سی) کے نمائندوں کے ہمراہ ہوگا، 15 ستمبر کو کیرالہ کا دورہ کرے گا تاکہ دو روزہ مطالعہ کے دوران کیرالہ کے جدید ڈیجیٹل اراضیات ریکارڈ پلیٹ فارم کا جائزہ لے سکے ۔دورہ کا مقصد کیرالہ کے اس جدید ماڈل کو سمجھنا ہے ، جو ریونیو ، سروے اور رجسٹریشن محکموں کو بخوبی مربوط کرتا ہے اور تلنگانہ میں اسی طرح کے ڈیجیٹل نظام کو نافذ کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے ۔دورہ کے دوران وفد کیرالہ کے ریونیو اور ہاؤسنگ وزیر اور ریونیو، سروے اور رجسٹریشن محکموں کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔وفد سروے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں عملی تربیتی سیشن میں بھی حصہ لے گا تاکہ آئی ایل آئی ایم ایس پلیٹ فارم کے عملی استعمال اور سرگرمی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکے ۔کیرالہ کا یہ’نظام ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا نظام ہے اور اسے اراضیات کے ریکارڈ کی مینجمنٹ کو آسان بنانے ، شفافیت کو بڑھانے اور شہریوں کو آن لائن اراضیات کی معلومات تک آسان رسائی فراہم کرنے سراہا گیا ہے ۔