حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ کی جسٹس ٹی مادھوی دیوی نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ میمو کو کالعدم کردیا جس میں محکمہ جاتی امتحانات کی متنازعہ آنسر کی کو ماہرین کی کمیٹی سے رجوع کرنے سے متعلق ایک امیدوار کی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ جسٹس مادھوی دیوی نے کمیشن کے میمو کو کالعدم کرتے ہوئے اِس معاملہ کو تھرڈ پارٹی اکسپرٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت دی۔ پی مہندر نامی درخواست گزار نے پبلک سرویس کمیشن کے میمو کو چیلنج کیا۔ ڈیویژنل ٹسٹ پیپر I میں موجود ایک سوال پر درخواست گذار نے اعتراض جتایا۔ محکمہ جاتی امتحانات کے ذریعہ سرکاری ملازمین کو ترقی دی جاتی ہے۔ درخواست گذار نے کہاکہ ہائیکورٹ کی جانب سے سابق میں اِس معاملہ کو تھرڈ پارٹی اکسپرٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ باوجود اس کے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے امیدوار کی درخواست کو مسترد کردیا۔ کمیشن کا یہ فیصلہ ہائیکورٹ کے احکامات کی واضح خلاف ورزی ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے وکیل نے کہاکہ امتحانات سے متعلق اُمور میں ہائیکورٹ کی مداخلت درست نہیں ہے۔ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد جسٹس مادھوی دیوی نے تھرڈ پارٹی اکسپرٹ کمیٹی کے بارے میں ہائیکورٹ کے سابقہ احکامات پر عمل آوری نہ کرنے پر سوال اُٹھائے۔ اُنھوں نے کمیشن کے میمو کو کالعدم کرتے ہوئے معاملہ تھرڈ پارٹی اکسپرٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت دی۔ i/k/1/V