تلنگانہ کابینہ اور ریاستی اسمبلی و کونسل کا کل خصوصی اجلاس

   

طبقاتی سروے کی منظوری، مجالس مقامی میں بی سی طبقات کے تعین کا فیصلہ
حیدرآباد۔ /2فروری، ( سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کا اجلاس 4 فروری کو صبح 10 بجے اسمبلی کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا اور اسی دن 11 بجے قانون ساز اسمبلی و کونسل کا خصوصی اجلاس رہے گا۔ طبقاتی سروے رپورٹ پر کابینی سب کمیٹی سفارشات کو کابینہ میں منظوری دی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کابینہ اجلاس اور اسمبلی و کونسل کے خصوصی اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔ ابتداء میں یہ اجلاس 5 فروری کو ہونے والا تھا لیکن طبقاتی سروے پر ایک سال قبل 4 فروری کو ہی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا۔ ٹھیک ایک سال بعد 4 فروری کو کابینہ طبقاتی سروے رپورٹ کو منظوری دے گی اور ایک سال کی مدت میں یہ کارنامہ مکمل ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینی اجلاس میں سروے رپورٹ کی بنیاد پر غور و خوض کے بعد مجالس مقامی میں بی سی طبقات کے تحفظات کا تعین کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی تحفظات کے تعین کیلئے تشکیل دیئے گئے ایک رکنی خصوصی کمیشن کی جانب سے کل 3 فروری کو رپورٹ کابینی سب کمیٹی کو پیش کی جائیگی۔ کابینہ میں سروے و کمیشن رپورٹ کو منظوری دے کر اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ صبح 11 بجے اجلاس کا آغاز ہوگا جس میں سروے پر مباحث ہونگے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کے تعین کا اعلان کرینگے۔ سروے رپورٹ اور اسمبلی میں منظوری کے پیش نظر چیف منسٹر نے دورہ دہلی منسوخ کردیا ہے۔ وہ دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے دو روزہ دورہ کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ارکان پارلیمنٹ اور کئی قائدین نئی دہلی روانہ ہوگئے۔1