تلنگانہ کی دوخواتین دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی

   

حیدرآباد14جنوری(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع آصف آباد کی دو خواتین کو قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کے لئے مدعو کیاگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے بیجور منڈل سے ڈسٹرکٹ ویمنس فیڈریشن کی صدر پی سری دیوی اور کوٹالہ منڈل کے پارڈی گاؤں کی آنگن واڑی ٹیچر سردار جینتی رانی کو مدعو کیا گیا ہے ۔ دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کیلئے ملک بھر سے منتخب کیے گئے 1,000 خصوصی مہمانوں میں سے 31 کا انتخاب ریاست سے کیا گیا ہے ۔ بتایا گیا کہ جن لوگوں نے پی ایم یشسوی اسکیم کے تعاون سے سرکاری اسکیمات کا بہترین استعمال کیا ہے انہیں مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کے لیے دو خواتین کو بطور مہمان خصوصی منتخب کیے جانے پر متعلقہ منڈلوں کے عوام نے مسرت کااظہار کیا ہے ۔