حیدرآباد۔/28فروری، ( سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ سے 22 خادم الحجاج کے انتخاب کیلئے کل 29 فروری کو قرعہ اندازی کی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی موجودگی میں سہ پہر 3 بجے دفتر حج کمیٹی نامپلی میں قرعہ اندازی مقرر ہے۔ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین کے مطابق جملہ 180 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 25 کو مسترد کردیا گیا۔ 155 درخواستوں میں سے 22 کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ حج کمیٹی اور وقف بورڈ سے فی کس 2 ملازمین خادم الحجاج کے طور پر روانہ کئے جائیں گے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے7811 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا ہے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 11 ہزار سے زائد عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ 800 منتخب عازمین نے اپنا سفر منسوخ کرلیا ہے۔ تلنگانہ کے عازمین حج پہلے مرحلہ میں روانہ ہورہے ہیں اور وہ حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ پہنچیں گے جبکہ واپسی جدہ سے ہوگی۔1