اقلیتی فینانس کارپوریشن کی منیجنگ ڈائرکٹر کانتی ویسلی شامل
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے 10 سینئر عہدیداروں کو آئی اے ایس کا رتبہ دیا ہے۔ ان میں سے 5 عہدیداروں کا تعلق ریونیو جبکہ دیگر 5 کا دوسرے محکمہ جات سے تعلق ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاست کے دس عہدیداروں کو آئی اے ایس کنفرڈ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو اطلاع دی ہے۔ مرکزی حکومت کنفرڈ آئی اے ایس عہدیداروں کو آئی اے ایس بیاچ الاٹ کرنے اور دیگر امور کے بارے میں اعلامیہ جاری کرے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن کی منیجنگ ڈائرکٹر اے ایچ نرملا کانتی ویسلی کو آئی اے ایس رتبہ دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کریم نگر ضلع پریشد کی سی ای او سی ایچ پرینکا ، ورنگل ایڈیشنل کلکٹر کے سریواستو، نظام آباد ایڈیشنل کلکٹر بی چندر شیکھر، جگتیال ایڈیشنل کلکٹر کے عہدہ سے حال ہی میں تبادلہ کئے گئے جے ارونا شری کا انتخاب ریوینیو ڈپارٹمنٹ سے کیا گیا۔ دیگر محکمہ جات سے جن عہدیداروں کو آئی اے ایس کنفرڈ کیا گیا ان میں منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن ای وینکٹ نرسمہا ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر کے دفتر میں ایڈیشنل سکریٹری کیتاننی دیوی، وزیر فینانس ہریش راؤ کے آفس میں اسپیشل آفیسر کے اشوک ریڈی، ایڈیشنل کمشنر کمرشیل ٹیکسیس کے ہریتا اور ڈیپوٹیشن پر مرکزی وزارت تعلیم میں خدمات انجام دینے والے نوین نکولس شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے نئی دہلی میں ان عہدیداروں کے انٹرویوز لئے گئے تھے۔ر