4 انجینئرنگ اور 5 پولی ٹیکنیک کالجس کو 90 کروڑ روپیوں کی امداد، سکریٹری تعلیم یوگیتا رانا کا اعلان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : مرکزی حکومت نے ملک بھر کے انجینئرنگ اور پولی ٹیکنیک طلبہ کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو نکھارنے ، تحقیق کو فروغ دینے اور کیمپس پلیسمنٹ کے ذریعہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی کثیر الضابطہ تعلیم اور تکنیکی تعلیم تحقیق میں بہتری (MERIT) اسکیم کے تحت تلنگانہ کے 9 تعلیمی اداروں کو منظور کرلیا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ملک بھر میں 175 سرکاری انجینئرنگ اور 100 پولی ٹیکنیک کالجس کا انتخاب کر کے تقریبا 7.5 لاکھ طلبہ کو جدید انڈسٹریل ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے گی ۔ مرکزی محکمہ تعلیم کی جانب سے تلنگانہ کے 4 انجینئرنگ اور 5 پولی ٹیکنیک کالجس کو قطعی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ انجینئرنگ کالجس میں JNTU حیدرآباد ۔ جگتیال انجینئرنگ کالج ۔ انجینئرنگ کالج آف آرتھ سائنسیس یونیورسٹی کتہ گوڑم اور کالج آف آرکیٹکچر پولی ٹیکنیک کالجس میں مانصاحب ٹینک حیدرآباد ، ورنگل ، نظام آباد ، محبوب نگر اور سرسلہ کے سرکاری پولی ٹکنیک کالجس شامل ہیں ۔ ریاست کے لیے جملہ 90 کروڑ روپئے کے فنڈز منظور کئے جائیں گے ۔ ان فنڈز کا ایک بڑا حصہ طلبہ کو پروگرامنگ ، لیبارٹریز کی جدید کاری ، تکنیکی صلاحیتوں اور انڈسٹریل اسکلس کی تربیت فراہم کرنے پر خرچ کیا جائے گا تاکہ انہیں بہترین ملٹی نیشنل کمپنیوں میں کیمپس پلسیمنٹ مل سکے ۔ اسکیم کے موثر شفاف اور تیز رفتار نفاذ کے لیے سکریٹری تعلیم یوگیتا رانا نے جی او جاری کیا ہے اور ساتھ ہی ایک اعلیٰ سطحی ریاستی اسٹنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ سکریٹری محکمہ تعلیم خود اس کمیٹی کی چیرپرسن کے طور پر خدمات انجام دیں گی ۔ اسٹیٹ ٹکنیکل ایجوکیشن کمشنر اس پراجکٹ کے کوآرڈینٹر ہوں گے ۔ اس کمیٹی میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کا ایک نمائندہ ، صنعتی ماہرین ، انجینئرنگ ماہرین اور دیگر متعلقہ عہدیدار شامل کئے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو حقیقی انڈسٹری کے معیار کے مطابق تیار کیا جاسکے ۔۔ 2/m/b