تمل ناڈو میں سونامی کی 17 ویں برسی پرمہلوکین کو خراج عقیدت

   

چنئی۔ تمل ناڈو 2004 میں آئی سونامی میں ہزاروں کی تعداد میں اپنی جان گنوانے والے لوگوں کو اتوار کو سانحہ کی کی 17 ویں برسی کے موقع پر یاد کیا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ تمل ناڈو کے ساحلی اضلاع چنئی، کڈلور، ناگاپٹنم اور کنیا کماری میں آئی سونامی نے 8,000 سے زیادہ لوگوں کی جان لی تھی اور علاقوں کو تباہ کر دیا تھا ۔ ماہی گیر برادری کی اکثر بستیوں میں ان لوگوں نے اسے یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔ کچھ اضلاع میں متاثرین کے اعزاز میں ماہی گیرآج مچھلیاں پکڑنے نہیں گئے اور سمندر سے دور رہے ۔ ایک ماہی گیر نے کہا کہ یہ سانحہ 17 سال پہلے پیش آیا تھا لیکن یہ آج بھی ہماری یادوں میں تازہ ہے ۔ حالیہ بارش اور سیلاب نے کنیا کماری، کڈلور اور چنئی کے لوگوں بالخصوص ماہی گیروں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔