جرائم و حادثات

   

دکانداروں کو دھوکہ دینے والابدنام زمانہ عادی مجرم گرفتار
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) دکانداروں کو دھوکہ دینے والے ایک شاطر بدنام زمانہ عادی مجرم کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون نے ایک شاطر دھوکہ باز 53 سالہ ماکم سرینواس ساکن پریماوتی پیٹ راجندر نگر کو گرفتار کرلیا جو دکانداروں کو دھوکہ دیا کرتا ہے۔ پہلے دکان سے سامان کی خریداری کرتے ہوئے انہیں رقم ادا نہ کرتا اور پھر بعد میں سامان لیکر غائب ہوجانا اس کی عادت بن گئی اور اس طرح وہ دکانداروں کو اپنے جھانسہ کا شکار بناتا تھا۔ ماکم سرینواس سابق میں 19 مقدمات میں ملوث ہے جبکہ حالیہ دنوں وہ چار وارداتیں انجام دیا۔ چلکل گوڑہ، جیڈی میٹلہ، ونستھلی پورم اور مائیلاردیوپلی حدود میں اس نے وارداتیں انجام دی۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 26,500 نقد رقم ، ایک موٹر سائیکل اور دو سیل فون ضبط کرلئے۔ ساؤتھ ایسٹ زون اور چلکل گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی انجام دی۔ع
مسروقہ موٹر سائیکل سے رہزنی کرنے والا رہزن گرفتار
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی پولیس نے ایک رہزن کو گرفتار کرلیا جو مسروقہ موٹر سائیکل سے وارداتیں انجام دے رہا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کوکٹ پلی کے سرینواسا راؤ نے بتایا کہ 28 سالہ کے سائی رام کو گرفتار کرلیا گیا۔ جو کرشنا ڈسٹرکٹ کا متوطن ہے ۔ سائی رام ایک ماہ قبل ملازمت کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا اور ہاسٹل میں رہنے لگا ۔ ملازمت کی تلاش میں ناکامی اور ہاسٹل کا کرایہ ادا کرنے کیلئے اس نے سرقہ کی وارداتیں انجام دینے کا فیصلہ کرلیا اور ایک ہاسپٹل کی پارکنگ سے موٹر سایئکل کا سرقہ کیااورا س پر گھومنے لگا ۔ تین جنوری کو سائی رام نے کوکٹ پلی ویویکا نندا نگر کالونی میں خاتون کے گلے سے طلائی چین کی رہزنی کی تھی ۔ پولیس نے تقریباً 180 کیمروں کی جانچ کے بعد سائی رام کو گرفتار کرلیا ۔ ع

ورک فرم ہوم کرنے والے سافٹ ویر انجینئر کی خودکشی
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) ورک فرم ہوم میں مصروف ایک سافٹ ویر انجینئیر نے بیوی کی غیر موجودگی میں خودکشی کرلی ۔ راجندر نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 34 سالہ راکیش گوڑ جو پیشہ سے سافٹ ویر ملازم حیدر گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ جس کا تعلق کرنول سے بتایا گیا ہے۔ راکیش گوڑ ورک فرم ہوم کر رہا تھا اور اس کی بیوی سومیا جو پیشہ سے سافٹ ویر ملازمہ تھی ۔ آفس جایا کرتی تھی ۔ کل مکان میں راکیش گوڑ اکیلا تھا ۔ جس نے خودکشی کرلی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
گڈی ملکاپور میں ایک شخص کا قتل
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) مہدی پٹنم کے علاقہ گڈی ملکاپور میں ایک شخص کے قتل کی واردات پیش آئی ۔ گڈی ملکاپور پولیس کے مطابق 38 سالہ ارون کمار کا نامعلوم افراد نے قتل کردیا ۔ ارون کمار بوجا گٹہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ جو کثرت سے شراب کے نشہ کا عادی تھا ۔ 6 جنوری کو وہ مکان سے نکلا اور کل 7 جنوری کو آخری مرتبہ اس کی بات اس کی بیوی سنیتا سے ہوئی تھی جو گھر آنے کی بات کر رہا تھا ۔ لیکن رات گھر نہیں پہونچا ۔ آج صبح علاقہ میں واقع ایک مندر کے قریب مشتبہ حالات میں مردہ پایا گیا ۔ پولیس نے گلے میں رسی اور نشانات اور افراد خاندان کے بیان پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
مادھاپور میں سافٹ ویر انجینئر کی خودکشی
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) مادھاپور کے علاقہ میں ایک سافٹ ویر انجینئیر نے خودکشی کرلی ۔ 25 سالہ ومشی کرشنا ریڈی نے ہوٹل کے کمرہ کرایہ پر حاصل کیا اور پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ ریڈی ملازمت کی تلاش میں تھا اور ناکامی پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق ومشی کرشنا ریڈی ہر دن ملازمت پر روانگی کیلئے گھر سے نکلتا تھا۔ لیکن اس نے اپنے گھر میں یہ نہیں بتایا تھا کہ اس کو ملازمت حاصل نہیں ہوئی ۔ جبکہ ہر دن تیار ہونا اور ساتھ ٹفن لیا کرتا تھا تاکہ افراد خاندان کویہ معلوم ہوکہ ان کا بیٹا ملازمت کر رہا ہے لیکن وہ بھی ملازمت کی تلاش میں تھا ۔ مسلسل ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر ومشی کرشنا ریڈی نے ہوٹل کے کمرے میں خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع

مادھا پور کے ریسٹورنٹ میں آتشزدگی کا واقعہ ، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد کے علاقہ مادھا پور میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ریسٹورنٹ میں پیش آئے اس حادثہ سے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی تاہم عملہ اور گاہکوں کی چوکسی کے سبب جانی نقصان پیش نہیں آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریسٹورنٹ میں آگ اس وقت لگی جب صبح کے وقت ریسٹورنٹ کافی مصروف تھا اور گاہک ناشتہ کے لیے پہونچے تھے اور جیسے ہی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ گاہک خوف کے بارے ریسٹورنٹ سے باہر نکل آئے ۔ دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میں دھویں کے کثیف بادل چھا گئے اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ ریسٹورنٹ کرشنا کچن کے قریب سے فلائی اوور گذرتا ہے اور اس حادثہ کے سبب فلائی اوور پر بھی ٹریفک جام ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

بار اینڈ ریسٹورنٹ میں عریاں رقص ، پولیس کی کاروائیاں ، بارہ لڑکیاں زیر حراست
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : نوجوان لڑکیوں کے ذریعہ عریاں رقص کروانے والے ایک بار کے خلاف پولیس نے بالآخر کارروائی کو انجام دیا اور مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ خود پولیس کے مطابق اس بار اینڈ ریسٹورنٹ میں گذشتہ ایک سال سے عریاں رقص کروایا جارہا تھا ۔ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل آپریشن ٹیم نے بار سے گیارہ لڑکیوں کو اور دو ڈی جے ماسٹروں کو گرفتار کرلیا ۔ ایور گرین بار اینڈ ریسٹورنٹ ایس آر نگر میں کل رات پولیس نے دھاوا کیا ۔ جہاں خوبصورت نوجوان لڑکیوں کے ذریعہ عریاں ڈانس کروایا جارہا تھا ۔ پولیس نے دھاوے کے دوران اس بار کی تلاشی لی ۔ گراہکوں کو راغب کرنے کے لیے لڑکیوں سے نیم عریاں ڈانس کروایا جارہا تھا تاکہ بار اینڈ ریسٹورنٹ میں گراہکوں کی تعداد کو بڑھایا جاسکے ۔ پولیس نے دھاوے کے دوران 2 ڈی جے ماسٹر اور گیارہ لڑکیوں کو حراست میں لے لیا ۔ ان لڑکیوں کو خصوصی طور پر ڈانس اور گراہکوں کو راغب کرنے کے لیے لایا گیا تھا ۔ پولیس کی کارروائی سے قبل بار اینڈ ریسٹورنٹ کا مالک کرشنم راجو فرار ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

قتل مقدمہ میں روڈی شیٹر کو عمر قید کی سزاء
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) عدالت نے قتل کیس مقدمہ میں روڈی شیٹر کو عمر قید کی سزاء سنائی ہے ۔ سال 2014 کے ایک مقدمہ میں عطاپور پولیس نے عدالت میں تمام ثبوت و گواہوں پر مبنی چارج شیٹ کو داخل کردیااور ایل بی نگر کی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عثمان حسین عرف منٹل عثمان 34 سال ساکن پہاڑی شریف پیشہ آٹو ڈرائیور کو عمر قید کی سزاء سنائی ہے ۔ سال 2014 میں اس وقت کے پولیس حدود راجندر نگر کے علاقہ بازار امام درگاہ چنتل میٹ میں ایک شخص کا قتل کیا گیا تھا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیااور خاطیوں کی گرفتاری عمل لائی تھی ۔ اس مقدمہ میں عدالت نے منٹل عثمان کو عمر قید کی سزاء اور ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ ع
شہر میں گانجہ فروخت کرنے والے اڈیشہ کے دو افراد گرفتار
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں گانجہ فروخت کرنے والے اڈیشہ کے دو افرادکو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون اور بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں دو افراد 36 سالہ چندن ماجھی اور 51 سالہ بیجے ٹکری ساکنان اڈیشہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 9 کیلو گرام گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت 2 لاکھ 94 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق ایک کارروائی کے دوران بنڈلہ گوڑہ سعادت نگر میں واقع انجینئرنگ کالج کے قریب سے گرفتار کرلیا۔ انجینئرنگ کالج کے قریب یہ دونوں گراہکوں کا انتظار کر رہے تھے۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ بیرونی افراد نوجوان نسل کو نشہ میں جھونکنے کا کام کر رہے تھے اور انجینئرنگ طلبہ میں گانجہ فروخت کیا جارہا تھا ۔ ع