جرمنی میںشہریت قوانین میں نرمی کے منصوبہ کو منظوری

   

برلن : جرمنی کی کابینہ نے تارکینِ وطن کے لیے شہریت کا راستہ مختصر کرنے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو دْہری شہریت رکھنے کی اجازت دینے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔مجوزہ نئے قوانین کی ابھی پارلیمان سے منظوری ضروری ہے۔ ان کے تحت جرمنی میں مقیم غیرملکیوں کی شہریت 8 سال کے بجائے 5 سال بعد ممکن ہو سکے گی۔نئے منصوبے کے تحت جو غیرملکی جرمن معاشرے سے زیادہ تال میل رکھتے ہیں اور زیادہ مربوط ہیں،انھیں جرمن زبان پر مکمل عبور حاصل ہے تو وہ صرف تین سال کے بعد قومیت حاصل کرسکیں گے۔ممکنہ نئے شہریوں کو یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ وہ ریاست کی مالی معاونت پر منحصر نہیں ہیں۔اس مسودۂ قانون سے مزید افراد کے لیے دْہری شہریت حاصل کرنے کے دروازے کھلیں گے جن میں جرمنی میں آباد ترک برادری کے لوگ بھی شامل ہیں۔بیسویں صدی کے دوسرے نصف میں مہمان کارکنوں کے طور پر جرمنی میں آئے ترکوں اور دیگر ممالک کے تارکینِ وطن کیلئے شہریت کا راستہ مشکل رہا ہے۔