جرمنی میں 5 افراد کے خلاف غداری کا مقدمہ

   

برلن : حکومتی پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ انتہائی دائیں بازو کی تنظیم سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد نے جرمنی میں ‘خانہ جنگی جیسے حالات’ پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ان پر وزیر صحت کو اغوا کرنے کی سازش کا بھی الزام ہے۔جرمنی میں وفاقی حکومت کے مستغیث کے دفتر نے پیر کے روز بتایا کہ ان پانچ افراد کے خلاف غداری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر جرمن حکومت کا تختہ الٹنے کا منصوبہ بنایا تھا۔پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ جن افراد کے خلاف غداری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ان سبھی کا تعلق جرمنی کے انتہائی دائیں بازو کی تحریک ‘رائش سیٹیزنز موومنٹ’ یا دیگر نو نازی گروہوں سے رہا ہے، جو تشدد کے ذریعے جرمنی میں خانہ جنگی جیسے حالات” پیدا کرنا چاہتے تھے۔بیان کے مطابق ان افراد کے خلاف جمہوری طور پر منتخب حکومت گرانے کی منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ ہی جرمن وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔وزیر صحت لاؤٹرباخ نے ان گرفتاری پر تفتیش کاروں اور جرمنی کی وفاقی پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہاکہ جرائم سے متعلق وفاقی پولیس کے اہلکار ہمارے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔