انقرہ : ترک صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں اتوار کو رجب طیب اردغان کے ساتھ مقابلہ کرنے والے کمال کلیچدار اوغلو نے ترک صدر کے خلاف ایک ویڈیو کلپ نشر کرنے کے بعد شکایت درج کرادی جس میں انہیں ’’پی کے کے‘‘ کے جنگجوؤں سے ملایا گیا تھا۔ کلیچدار کی ریپبلکن پیپلز پارٹی کے وکیل سیلال سیلک نے چہارشنبہ کو ٹویٹ میں کہا کہ ہم نے شکایت درج کرا دی ہے۔ ہم نے ان سے 10 لاکھ ترک لیرا طلب کیے ہیں۔7 مئی کو استنبول میں ایک بڑے اجتماع کے دوران ایردوان نے ایک مختصر ویڈیو کلپ نشر کیا جس میں ان کے مطابق کلیچدار کردستان ورکرز پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا کر چل رہے ہیں۔ یہ تنظیم وہ ہے جسے انقرہ اور اس کے مغربی اتحادی دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔ویڈیو میں حزب اختلاف کے امیدوار موسیقی کے ذریعے صدارتی انتخابات کیلئے ایک ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایردوان نے اعتراف کیا ویڈیو کو ملا کر بنایا گیا ہے۔ خیال رہے 14 مئی کو ترکیہ کے انتخابات کے پہلے مرحلہ میں ایردوان نے سب سے زیادہ 49.5 ووٹ حاصل کیے تھے تاہم 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکنے کی وجہ سے کوئی بھی امیدوار الیکشن نہیں جیت سکا تھا۔ اب 28 مئی کو الیکشن کا دوسرا مرحلہ منعقد کیا جارہا ہے۔
اس مرحلہ میں پہلے مرحلہ میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے پہلے دو امیدواروں کے درمیان رن آف الیکشن ہوگا۔