میدک۔ 11ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے جماعت اسلامی ہند میدک ٹاؤن کی جانب سے سیرتِ طیبہ اور تعلیماتِ نبویؐ کو عام کرنے کے مقصد سے ایک خصوصی دعوتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند میدک ٹاؤن محمد فاضل حسین کی قیادت و صدارت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ضلع میدک کے اعلیٰ عہدیداروں، مقامی ڈاکٹرس اور دیگر معززینِ شہر سے ملاقات کرتے ہوئے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی حیاتِ مبارکہ، آپؐ کے اخلاقِ حسنہ اور انسانیت کے لیے آپؐ کی تعلیمات پر مشتمل کتب بطور تحفہ معہ سویٹس پیش کیں۔قائدین کے مطابق ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ۔ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی سرینواس راؤ۔ایڈیشنل ایس پی وکرانت کمار۔ ایڈیشنل کلکٹر ایم ناگیش۔ ڈی ایس پی میدک پرسنا کمار۔سرکل انسپکٹر ڈی مہیش اور مقامی ڈاکٹرس سورنالتا،جیہ اور گوتم سے ملاقات ہوئی۔اس موقع پر امیرِ مقامی محمد فاضل حسین نے مختلف عہدیداروں اور معززین سے تلگو زبان میں گفتگو کرتے ہوئے نبی کریم ؐ کی سیرتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر مختصر جامع روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے اور آپؐ نے محبت، امن، بھائی چارہ، عدل و انصاف، حسنِ اخلاق اور انسانوں کے ساتھ بہتر برتاؤ کی تعلیم دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبویؐ کا مطالعہ انسان کو نہ صرف اخلاقی بلندی کی طرف لے جاتا ہے بلکہ معاشرے میں باہمی احترام اور اتحاد کو بھی فروغ دیتا ہے۔اس وفد میں میر ظفر اللہ طاہر، سید غفار نیازی، سید سعادت علی ذکی اور خواجہ صدیق محی الدین شامل تھے۔