جموں: جموں کے جیول چوک میں 21جنوری کو سُمت جندیال کے قتل کا معمہ حل کرکے پولیس نے گیارہ ملزمان کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔ایس ایس پی جموں جوگندر سنگھ نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 21 جنوری کو جیول چوک جموں میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سمت جندیال کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے کیس درج کرکے قتل کے اس واقعے میں ملوث کلیدی ملزمان سمیت گیارہ افراد کو حراست میں لیا ہے ۔
ایس ایس پی کے مطابق ہیومن انٹیلی جنس ، سی سی ٹی وی اور ٹیکنیکل صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کرنے کی خاطر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا قیام عمل میں لایا ۔ان کے مطابق پولیس ٹیم نے جموں، پنجاب ، ہریانہ ، دہلی اور اتر پردیش میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 30مشتبہ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس آفیسر نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ سمت جندیال کا قتل پرانی رنجش کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ گاترو گینگ اور سلاتھیہ گینگ کے درمیان اُس وقت آپسی دشمنی پروان چڑھی جب سال 2023میں گاترو گینگ کے ممبر اکشے کمار کا سلاتھیہ گینگ نے قتل کیا ۔